منگلورو:۱۶/ستمبر (ایس او نیوز) منگلورو یونیورسٹی ، شعبہ بائیو سائنس کے طالبات کے ٹائیلٹ میں خفیہ طورپر موبائیل کیمرہ نصب کرنے والے معاملے میں گرفتار شدہ یونیورسٹی کے طالب علم ایم ، سنتوش آچاریہ (22)کو ضمانت پررہا کیا گیا ہے۔
یونیورسٹی ٹائیلٹ معاملے میں خفیہ کیمرہ نصب کئے گئے معاملے میں بدھ کو یونیورسٹی کے ہی طالب علم سُلیا کے سنتوش کو گرفتار کیا گیا تھا کل رات اس کو سیکنڈ جے ایم ایف سی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اس کو عدالتی تحویل میں دیا گیا تھا اور آج اس کو ضمانت پر رہا کیا گیا ہے۔
ملزم کے خلاف آئی ٹی ایکٹ 66اور دفعہ 354سی کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ملزم سنتوش پر الزام ہے کہ اس نے یونیورسٹی طالبات کے ٹائیلٹ کی چھت پر سوراخ کرکے موبائیل کیمرہ نصب کیا تھا۔ موبائیل کیمرے کو نیلے رنگ کے کاغذ سے لپیٹ کر رکھا گیا تھا تاکہ وہ چھت کے رنگ سے میل کھائے۔ موبائیل کیمرہ سے لگاتار تصویریں اور وڈیو کی ریکارڈنگ کرنے کو ممکن بنانے کے لئے موبائیل کو پاور بینک سے جوڑا گیا تھا۔ ٹائیلٹ میں ایک طالبہ نے جب اس پر غور کیا تو شعبہ کے صدر کو اطلاع دی، جس کے بعد معاملہ کا پتہ چلا۔ لیکن متعلقہ معاملے کو یونیورسٹی کےانسداد خاتون ظلم وہراسانی کمیٹی کو منتقل کیا گیا۔ معاملہ کا پتہ چلنے کے ایک ہفتہ بعد کوناجےپولس تھانےمیں شکایت داخل کی گئی۔ جس کے تحت منگلورو شہری پولس کمشنر ایم چندرشیکھر کی رہنمائی میں کوناجے پولس تھانہ انسپکٹر پر مشتمل جانچ ٹیم نے ملزم کا پتہ لگایا تھا۔